ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل بینگرے کے باشندوں کا ماڈرن روڈمیکرس کمپنی کے خلاف تحصیلدار کو میمورنڈم

بھٹکل بینگرے کے باشندوں کا ماڈرن روڈمیکرس کمپنی کے خلاف تحصیلدار کو میمورنڈم

Fri, 28 Jul 2017 19:31:06    S.O. News Service

بھٹکل 28؍جولائی (ایس او نیوز)بھٹکل تعلقہ کے بینگرے علاقے میں پہاڑ کو کاٹ کر پتھر نکالنے کا کام چلانے والی ماڈرن روڈ میکرس پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنی کے خلاف وہاں کے باشندوں نے اسسٹنٹ کمشنر بھٹکل کے نام میمورنڈم دیتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ پتھرنکالنے کے لئے پہاڑ کو توڑنے اورکھدائی کرنے کی وجہ سے ان کے مکانات کو پہنچنے والے نقصان کا معاوضہ انہیں صحیح ڈھنگ سے ادا نہیں کیا جارہا ہے۔

بینگرے کے متاثرہ عوام کا کہنا ہے کہ اس کمپنی کی سرگرمی کی وجہ سے ان کے مکانات اور دیگر جائیداد کو کافی نقصان پہنچا ہے جس کا معاوضہ طلب کرتے ہوئے کچھ عرصے پہلے احتجاج کیا گیا تھا۔ اس وقت کمپنی کے ذمہ داران نے نقصان کا سروے کرنے کے بعدہرجانہ ادا کرنے کا بھروسہ دلایا تھا۔لیکن اب کمپنی کی طرف سے جو ہرجانہ دیا جارہا ہے اس میں ہیر پھیر ہورہا ہے۔ پتھر کواری سے 500میٹر کے اندر جن کی زمین جائیداد ہے ان کو کم معاوضہ دیا جارہا ہے اور 500میٹر کے دائرے سے باہر والے مگر بااثر افراد کو زیادہ معاوضہ ادا کیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ اتی کرمن زمین والوں کو بھی ہرجانہ دیا جارہا ہے۔ اس طرح اصل متاثرین کے حقوق مارے جارہے ہیں۔ لہٰذا میمورنڈم میں مانگ کی گئی ہے کہ اسسٹنٹ کمشنرکی طرف سے اس معاملے میں مداخلت کی جائے اور جن کو جس طرح کا نقصان ہوا ہے اس حساب سے مناسب ہرجانہ دلوایا جائے۔

تحصیلدار وی این باڈکر نے میمورنڈم وصول کیا۔ سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک، بھٹکل بی جے پی صدر راجیش نائک، سنیل بی نائک، بینگرے گرام پنچایت صدر وینکٹیا بھئیرومنے ، رام چندرنائک، سبرائے دیواڑیگا، لکشمن نائک وغیرہ موجود تھے۔


Share: